نئی دہلی،14؍ مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ریلوے میں 89ہزار عہدوں کے لئے تقریبا ڈیڑھ کروڑ امیدواروں نے رجسٹریشن کرایا ہے۔ریلوے نے گزشتہ ماہ ان ملازمتوں کے لئے اشتہار جاری کیا تھا۔حکام نے آج یہ معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ گروپ سی اور گروپ ڈی کے مختلف عہدوں کی تقرری کے لئے ریلوے بھرتی بورڈ (آرآربی)کو تقریبا ڈیڑھ کروڑ امیدواروں کے ابتدائی رجسٹریشن آن لائن حاصل ہوئے ہیں۔درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 31مارچ ہے اور 89 ہزار سے زائد عہدوں کے لئے درخواست مدعو کی تھی گروپ سی کے لئے 26,502 اور گروپ ڈی کے لئے 62,907 عہدے خالی ہیں۔ایک سینئر افسر نے کہاکہ ابتدائی رجسٹریشن امیدواروں کی طرف سے ان کے نام اور ایڈریس کے ساتھ کیا گیا ہے۔درخواست کے اگلے مرحلے میں ان کے دیگر تفصیلات کو بھرکر فیس کی ادائیگی کرنی ہوتی ہے۔آرآربی ایپلی کیشنز کے ابتدائی رجسٹریشن میں، امیدواروں کو دیگر تفصیلات جیسے نام، والد کا نام، تاریخ پیدائش، ای میل ایڈریس اور موبائل نمبر کے ساتھ تعلیمی قابلیت کے بارے میں معلومات دستیاب کرانی ہوگی۔